واشنگٹن:بھارتی تارکین وطن کا نریندر مودی کے دورے کے خلاف احتجاج
واشنگٹن25ستمبر ( کے ایم ایس)
واشنگٹن میں بڑی تعداد میں بھارتی تارکین وطن نے وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ امریکہ کے خلاف احتجاج کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرین وائٹ ہاﺅس کے سامنے پارک Lafayette Square پر جمع ہوئے اور زبردست احتجاج کیا۔ انہوںنے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ”بھارت کو فاشزم سے بچاو ،مودی واپس جاﺅ “ جیسے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ، مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر ظلم و ستم ، نئے زرعی قوانین اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم پر نریندر مودی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ۔ اس موقع پر سکھ برادری کے افراد نے بھی مشرقی پنجاب کی آزادی اور خالصتان کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے امریکی صدر سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانی حقوق کو امریکی خارجہ پالیسی کی مرکزی خصوصیت بنانے کے اپنی انتخابی مہم کے وعدے کو پورا کریں۔ جو بائیدن اور نائب صدر کملا ہیرس نے گزشتہ برس صدارتی انتخابی مہم کے دوران مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی محاصرے، ریاست آسام میں متنازعہ نیشنل رجسٹر آف سٹیزنزکے نفاذ اور مسلم مخالف شہریت قانون کی منظوری کی شدید مذمت کی تھی۔ایک 74 سالہ کمیونٹی رہنما اور کارکنVictor Begg نے اس موقع پر کہا کہ وہ فلوریڈا ریاست سے بائیڈن کی ہندو قوم پرست رہنما مودی سے ملاقات کے خلاف اپنا احتجاج درج کروانے کے لیے یہاں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی جس چیز کی نمائندگی کرتے ہیں وہ مکمل طور پر امریکی اقدار کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی مسلمانوں کی زندگیاں داو¿ پر لگ گئی ہیں اور بائیڈن انتظامیہ مزید خاموش رہنے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔