جنوبی ایشیا میں امن اور ترقی کے لیے تنازعہ کشمیر کا تصفیہ ضروری ہے، شبیر شاہ
سرینگر 14 اپریل (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند نائب چیئرمین شبیر احمد شاہ نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن اور ترقی کے لیے تنازعہ کشمیر کا تصفیہ ضروری ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی قرار دادوں پر عملدرآمدکرائے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کہا کہ نریندرمودی کی ہندو توا بھارتی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے تمام مذموم منصوبوں کو بروئے کار لانے کے باوجودکشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہی ہے۔ .انہوں نے کہا کہ کشمیری جموں و کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے مذموم بھارتی ایجنڈے کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی کشمیری عوام میں دراڑیں پیدا کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔شبیر احمد شاہ نے کہا کہ بھارتی سازشیں کشمیریوں کو آزادی کی جدوجہد سے باز نہیں رکھ سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو ان کی شناخت، ثقافت اور مسلم اکثریتی کردار سے محروم کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین نے بھارت سے کہا کہ وہ تاریخ سے سبق سیکھے اور مقبوضہ علاقے میں ماورائے عدالت قتل اور زہریلے پروپیگنڈے کو روکے اور تنازعہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے دائرہ کار میں حل کرے۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اپنی زیر التوائ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنی اخلاقی ذمہ داری اور اثرورسوخ استعمال کرے کیونکہ یہ مسئلہ بنیادی طور پر پورے خطے کے امن سے جڑا ہوا ہے۔نظربند رہنما نے کہا کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں جس کا وعدہ بھارت نے کیا تھا اور کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں میں اس کا ذکر کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں رائے شماری ہونی چاہیے تاکہ متنازعہ علاقے کی سیاسی تقدیر کا فیصلہ کیا جا سکے۔