لائوڈ سپیکر کی آواز مسجد کے احاطے سے باہر نہیں آنی چاہیے: اترپردیش میں یوگی آدیتہ ناتھ کا حکم
لکھنو 19اپریل (کے ایم ایس)بھارتی ریاست اترپردیش میں بی جے پی کی یوگی حکومت نے لائوڈ سپیکر کی آواز مسجد کے احاطے تک محدود رکھنے کا حکم دیا ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے کہ لائوڈ سپیکر کی آواز مسجد کے احاطے سے باہر نہ آئے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے حکم میںکہاکہ لائوڈ سپیکر کی آواز سے دوسرے لوگوں کو کوئی تکلیف نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے نئی جگہوں پر لائوڈ سپیکر لگانے کی اجازت نہ دینے کا بھی حکم دیا۔انہوں نے اعلیٰ حکام کو ہدایت کی ہے کہ آنے والے دنوں میں کئی اہم مذہبی تہوار ہیں۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے پولیس کو زیادہ حساس ہونا پڑے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ تھانے سے لے کر اے ڈی جی تک اگلے 24گھنٹے کے اندر اپنے اپنے علاقوں کے مذہبی رہنمائوں، معاشرے کے دیگر نامور لوگوں سے مسلسل بات چیت کریں۔ انہوں نے تمام افسران کو اپنے اپنے علاقوں میں الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ حساس علاقوں میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کرنے ، ڈرون کے ذریعے صورتحال پر نظر رکھنے اور ہر شام کو پولیس فورس کو پیدل گشت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تہواروں اور چوکسی کے پیش نظر پولیس افسران کی چھٹیاں 4مئی تک منسوخ کر دی گئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایت پر چیف سکریٹری نے اس سلسلے میں احکامات جاری کردیے ہیں۔ جو افسران پہلے سے چھٹی پر ہیں انہیں بھی 24گھنٹے کے اندر واپس آنے کو کہا گیا ہے۔