مقبوضہ جموں و کشمیر

شبیر شاہ کا مقبوضہ جموں وکشمیرمیں سیاسی اورانسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پراظہار تشویش

نئی دہلی 20اپریل (کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظربند وائس چیئرمین شبیر احمد شاہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میںسیاسی اور انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں افسوس کا اظہار کیا کہ ایک طرف بھارتی حکومت نے اپنی فورسزکو بے گناہ کشمیریوں کو قتل کرنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اور دوسری طرف وہ ان جائز سیاسی آوازوں کو خاموش کرانے کے لیے انسداد دہشت گردی کے قوانین کا استعمال کر رہی ہے جو کشمیر کے حوالے سے بھارت کی معاندانہ پالیسیوں پر تنقید کر رہے ہیں۔حریت رہنما نے کہا کہ عام شہریوں بالخصوص نوجوانوں کا منظم قتل مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی بھارتی حکومت کی گہری سازش کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی نام نہاد محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران معصوم اور پڑھے لکھے نوجوانوں کو جان بوجھ کر نشانہ بناتے ہیں اور انہیں بے دردی سے شہید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی نہ صرف بے گناہ لوگوں کو شہید کررہے ہیں بلکہ رہائشی مکانات اور عوامی املاک کو بھی تباہ کررہے ہیں۔شبیر شاہ نے بے گناہ شہریوں کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال اور بھارتی فورسز کی طرف سے صحافیوں کو ہراساں کرنے کی مذمت کی۔ انہوں نے افسوس کا اظہارکیاکہ سول سوسائٹی کے کارکنوں، صحافیوں اورانسانی حقوق کے محافظوں کو کالے قوانین کے تحت گرفتارکیاگیا ہے اور جیلوں اور تفتیشی مراکز میں ان کے ساتھ بدترین سلوک کیا جارہا ہے۔ انہوں نے اسے جنیوا کنونشن اور دیگر عالمی معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کے کارکنوں کو ہمیشہ نشانہ بنایاجاتا رہا ہے اور وادی کے طول و عرض میں تعینات بھارتی فورسز کی طرف سے انہیں گرفتار کیا جا رہا ہے، تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ذلیل اور ہراساں کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے کارکنوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کرنے کی بھارتی فوج کی ایک طویل تاریخ ہے۔حریت رہنما نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں آزادی صحافت اور اظہار رائے پر پابندیوں کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنمائوں، صحافیوں،انسانی حقوق کی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے کارکنوں کو ڈرانا اور دھمکانابی جے پی حکومت کی کشمیر پالیسی کا خاصہ رہا ہے۔شبیر شاہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری اپنی بے حسی کی پالیسی کو ترک کرے اور تنازعہ کشمیر کو حل کرانے کے لیے اپنا انتہائی ضروری کردار ادا کرے جو خطے میں جاری خونریزی کی بنیادی وجہ ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button