مقبوضہ جموں و کشمیر

قابض بھارتی افواج کشمیریوں کی مقامی تحریک آزادی کو ہر گز دبانہیں سکتے،صدر عارف علوی

arif

اسلام آباد13جولائی (کے ایم ایس )
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے حق خودارادیت اور آزادی کی جدوجہد کو جاری رکھنے والے جموں وکشمیر کے بہادر اور غیور عوام اور تمام شہدا کو خراج ِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض بھارتی افواج ظلم و ستم اور اوچھے ہتھکنڈوںکے ذریعے کشمیریوں کی اپنی تحریک آزادی کو دبا سکے ہیں نہ کبھی دبا سکیں گے۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بدھ کو یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حل ہی خطے میں پائیدار امن کی ضمانت ہے ۔انہوں نے کہاکہ یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر ہم 13 جولائی 1931 کو ڈوگرہ سامراج کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیریوں کے عزم کو سلام پیش کرتے ہیں ۔اس دن ہم حق خودارادیت اور آزادی کی جدوجہد کو جاری رکھنے والے کشمیر کے بہادر ، غیور عوام اور تمام شہدا کو بھی خراج ِ عقیدت پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ یوم شہدائے کشمیر اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ کشمیر ی عوام آزادی کی خاطر گزشتہ 9 دہائیوں سے زائد عرصہ سے جدوجہد ِآزادی جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ کشمیریوں نے اپنے حق ِخوداردیت اور آزادی کی خاطر نسل در نسل جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور جذبہ حریت کو زندہ رکھا۔ خواہ ڈوگرہ سامراج ہو یا کہ قابض بھارتی افواج کا ظلم و ستم ، کسی بھی قسم کے اوچھے ہتھکنڈے کشمیریوں کی مقامی تحریک آزادی کو نہ کبھی دبا سکے ہیں اور نہ کبھی دبا سکیں گے ۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہم بھارت پر زور دیتے ہیں کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فی الفور بند کرے اور کشمیر میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے کیلئے اقدامات کرے ۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حل ہی خطے میں پائیدار امن کی ضمانت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کی سفارتی ، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔KMS-11/Y

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button