پاکستان کی طرف سے مودی کے مقبوضہ کشمیر کے دورے کی مذمت
اسلام آباد 25 اپریل (کے ایم ایس)
پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کے اپنے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے دورے کو مسترد کرتے ہوئے اسے مقبوضہ علاقے کی صورتحال کو پرامن دکھانے کا ایک ڈھونگ قرار دیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفترخارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد نے ایک بیان میں کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے اس طرح کی کئی کوششیں کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں دریائے چناب پر ریٹل اور KWAR پن بجلی منصوبوںکی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے شروع کئے گئے ریٹل پن بجلی منصوبے کو پاکستان نے متنازعہ قرار دیا ہے اور KWAR پن بجلی منصوبے کی معلومات پاکستان کو فراہم کرنے کے معاہدے پر بھارت نے تاحال عملدرآمد نہیں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے وزیراعظم کی جانب سے دونوں منصوبوں کے افتتاح کو 1960 کے سندھ طاس معاہدے کی صریحا خلاف ورزی سمجھتا ہے۔ترجمان نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور معاہدے کے منافی اقدامات سے گریز کرے۔