نئی دلی:شراب کی دکان کے مالک کا تین دلتوں پر وحشیانہ تشدد
نئی دلی 29اپریل (کے ایم ایس)
بھارت میں دلت برادری سے تعلق رکھنے والے تین افراد نے الزام لگایا ہے کہ دلی پولیس شراب کی دکان کے مالک کی طرف سے ان پر وحشیانہ تشدد کے خلاف شیڈول کاسٹس اینڈ شیڈول ٹرائبلز(ایس سی/ایس ٹی) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج نہیں کررہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ جنوبی دہلی کے علاقے مہرولی میں پیش آیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرین کے رشتہ دار جوگندر نے کہا کہ رام سنگھ، راج کمار اور منگل کو ان کے آجر نے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا،جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے ۔انہوںنے مزید بتایا کہ ملزم نے ان کے خلاف غلیظ زبان بھی استعمال کی ۔تاہم دلی پولیس ملزم کے خلاف متعلقہ ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج نہیں کر رہی ہے ۔ تشدد سے متاثر رام سنگھ اپنے بھائی راج کمار کے ساتھ وائن شاپ کے مالک موہن لال مان کے پاس کام کرتا ہے۔رام سنگھ کے مطابق مان اور اس کے دوست چٹوان نے اسے اور اس کے ساتھی منگل کو ہاتھ باندھ کر بے دردی سے تشددکا نشانہ بنایا۔اس کے بھائی راج کمار پر بھی تشددکیاگیا ہے ۔
ایس سی/ایس ٹی کمیشن کے وائس چیئرمین ارون ہلدر نے کہا کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کرانا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میںدلی پولیسکے کمشنر راکیش استھانہ کو ایک خط لکھا گیاہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں دلتوں سمیت نچلی ذات کے لوگوں پر اونچی ذات کے ہندوئوں کی طرف سے ظلم و تشدد اور ان کی خواتین کی عصمت دری معمول کی بات ہے ۔