عید الفطر کے موقع پر جودھ پور میں ہنگامہ آرائی ، جھڑپیں، انٹرنیٹ سروسزمعطل
جودھپور03مئی (کے ایم ایس)
بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھپور کے علاقے جلوری گیٹ پر آج عید کے موقع پر زبردست ہنگامہ آرائی دیکھی گئی ،جس کے بعد پورے ضلع اور شہر میں انٹرنیٹ سروسز معطل اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہندو انتہا پسندوں نے علاقے میںواقع عید گاہ میںمسلمانوںکو نماز عید ادا کرنے سے روکنے کی کوشش کی اور مسلمانوں کی طرف سے عید کے موقع پر لگائی گئی جھنڈیوں اور بینروںکو اتار دیا۔ جس کے بعد علاقے میں مسلمانوں اور ہندو شرپسندوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیںاور پتھرائو کیاگیا جس سے متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور چار پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔ جلوری گیٹ سے عیدگاہ روڈ تک پولیس نے آنسو گیس استعمال کی ۔جھڑپوں کے بعد ضلع اور شہر میں انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی گئی ہیں۔مقامی میڈیا کے مطابق اس دوران پولیس نے میڈیاکے نمائندوں پر تشدد بھی کیا جس کے خلاف صحافیوں نے سڑک پر دھرنادیا۔