سائنس جھوٹ نہیں بولتی، مودی جی جھوٹ بولتے ہیں، راہل گاندھی
نئی دلی 06 مئی (کے ایم ایس)
بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی نے ملک میں مہلک کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کے بارے میں عالمی ادارہ صحت کے تازہ ترین اعدادو شمار پر تبصرہ کرتے ہوئے مودی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سائنس جھوٹ نہیں بولتی، وزیر اعظم نریندر مودی جھوٹ بولتے ہیں۔
جمعہ کو جاری ہونیوالی عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ میں انکشاف کیاگیا ہے کہ بھارت میں مہلک عالمی وبا سے 47لاکھ سے زائد اموات ہوئی ہیں ۔ راہل گاندھی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ سائنس جھوٹ نہیں بولتی، وزیر اعظم نریندر مودی جھوٹ بولتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ رپورٹ کے مطابق بھارت میں وبا سے ہونیوالی اموات کے اصل اعداد وشمار بھارتی حکومت کی طرف سے بتائے گئے اعداد وشمار سے دس گنازائد اور عالمی سطح پر ہونیوالی مجموعی اموات کا تقریبا ً ایک تہائی ہیں۔ راہل گاندھی نے مودی حکومت سے کہاکہ وہ ان خاندانوں کا احترام کرے جنہوں نے اپنے پیاروںکو کھودیا ہے اور متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔انہوں نے کہاکہ تمام متاثرہ خاندانوںکو4لاکھ روپے کی امدادی رقم دی جانی چاہیے ۔