بھارت :منی پور میں جاری نسلی تشدد میں مزید تین افراد ہلاک
امپھال: بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پور میں کوکی اورمیتی قبیلے کے درمیان مسلح جھڑپ میں میتی قبیلے کے تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایک سینئر پولیس افسر نے صحافیوں کوبتایاکہ میتی اور کوکی گروپوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ منی پور کے کوکی اکثریتی ضلع کانگ پوکپی اور میتی کے زیر تسلط امپھال کے مغربی ضلع کی سرحد پر ناخوجنگ اور بیتیل کے علاقوں میں ہوئی۔پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ فائرنگ اتنی شدید تھی کہ بھارتی فوج اورپیراملٹری آسام رائفلز بھی آگے نہیں بڑھ سکی۔انہوںنے بتایا کہ ہلاک ہونے والے مبینہ طور پر مسلح ملیشیا ارام بائی ٹینگول اور یونائیٹڈ نیشنل لبریشن فرنٹ کے ارکان تھے۔ انہوں نے کہاکہ وہ ضلع کانگ پوکپی میں کوکی کے علاقے میں گھس گئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ جب فوج نے انہیں واپس بھیجنے کی کوشش کی تومسلح افراد نے جوابی کارروائی کی ۔پولیس افسر نے بتایا کہ کوکیوں نے ہلاک ہونے والے افراد سے خودکار ہتھیاربھی برآمد کئے۔یاد رہے منی پور گزشتہ سال مئی کے اوائل سے میتی اور کوکی قبیلوں کے درمیان نسلی تشدد کی لپیٹ میں ہے۔ تنازعہ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 200سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور تقریبا 67ہزارافراد اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔