مقبوضہ کشمیر: شہریوں کے قتل پر آغا حسن الموسوی اور مفتی اعظم کا اظہار افسوس
سرینگر 03 جون (کے ایم ایس)
غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی اور مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام نے مقبوضہ علاقے میں شہریوں کے قتل کے واقعات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران نامعلوم مسلح افرادنے ایک سرکاری ملازم اور خاتون ٹیچر سمیت متعدد شہری جن کا تعلق پنڈت برادری سے تھاکو قتل کیا ہے۔آغا سید حسن الموسوی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں سوگوار خاندانوں سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہریوں کے قتل کے ان واقعات کومقبوضہ علاقے میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کی ایک سازش قرار دیا۔سینئر حریت رہنماء نے ایران کے انقلابی رہنما امام خمینی کو ان کی 33ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
ادھرمفتی ناصر الاسلام نے سرینگر میں ایک انٹرویو میں وادی کشمیر میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کا مقصد مسلمانوں اور اقلیتی برادریوں کے درمیان عدم اعتماد پیدا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمان تین دہائیوں سے کشمیری پنڈتوں کی واپسی کے خواہاں ہیں اور انہیں اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ امن اور وقار کے ساتھ رہنا چاہیے۔