چین اور پاکستان کے درمیان آہنی دوستی وقت کی کڑی آزمائشوں پر پوری اتری ہے:چینی وزارت خارجہ
بیجنگ:چین نے کہا ہے چین اور پاکستان ہر موسم کے اسٹریٹیجک شراکت دار ہیں اوردونوں ممالک کے درمیان آہنی دوستی وقت کی کڑی آزمائشوں پر پوری اتری ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بیجنگ میں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک نے باہمی مفادات سے متعلق اہم امور پراعلیٰ سطح کا اسٹریٹیجک اعتماد اور قریبی رابطہ قائم رکھا۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک پاکستان اور امریکہ کے درمیان مائننگ تعاون پر رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے یقین دلایا کہ اس کے امریکہ سے تعلقات چین کے مفادات یا باہمی تعاون کو نقصان نہیں پہنچائیں گے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستانی قیادت نے امریکی رہنمائوں کو جو نمونے دکھائے وہ مقامی طور پر خریدے گئے قیمتی پتھروں کے تھے۔ اس سے متعلق آنے والی خبریں غلط معلومات پر مبنی ہیں یا پھر من گھڑت ہیں۔ یہ خبریں چین اور پاکستان کے درمیان دوری پیدا کرنے کی کوشش ہے۔ چینی ترجمان نے کہا چین کے حالیہ ریئر ارتھ ایکسپورٹ کنٹرول اقدامات کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔ چینی حکومت کی طرف سے اپنے برآمدی کنٹرول کے نظام کو قوانین اور ضوابط کے مطابق بہتر کرنے کا اقدام ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اس کا مقصد عالمی امن اور علاقائی استحکام کا بہتر طور پر دفاع کرنا اور عدم پھیلائو اور دیگر بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنا ہے۔






