حریت کانفرنس کی طرف سے بھارتی مظالم کے خلاف پاکستان کے ڈوزیئر کا خیرمقدم
قابض حکام نے سیدعلی گیلانی کی قبر کے گرد سخت فوجی پہرہ بٹھا دیا
سرینگر14 ستمبر (کے ایم ایس )غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میںنہتے کشمیریوں پر بڑے پیمانے پر مظالم کے خلاف حکومت پاکستان کی طرف سے جاری کئے گئے ڈوزیئر کا خیرمقدم کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے معاون جنرل سیکرٹری خواجہ فردوس نے آج سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کے جنگی جرائم کوبے نقاب کیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس ڈوزیئر سے کشمیریوںکی جدوجہد آزادی اور ان کے سیاسی حقوق کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کی عکاسی ہوتی ہے ۔ انہوںنے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی طرف سے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اس اپیل کا بھی خیرمقدم کیا جس میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کو مقبوضہ جموںو کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی آزادانہ تحقیقات کیلئے مقبوضہ علاقے تک رسائی دینے کی غرض سے بھارت پر دباﺅ بڑھانے کیلئے کہاگیاہے۔
بھارتی فوجیوں نے اس خوف کے پیش نظر کہ کہیں کشمیری عوام بابائے حریت سیدعلی گیلانی کی جدوجہد آزادی کیلئے گرانقدر خدمات کے اعتراف میں کوئی یادگارنہ تعمیر کر دیں ان کی قبر کے گرد فوجی پہرہ بٹھا دیا ہے ۔ سیدعلی گیلانی کی قبر کے گرد 5سو میٹر کے دائر ے میںبھارتی فوج اورپولیس کی تین درجن کے قریب گاڑیوں کو تعینات کیاگیا ہے۔ بزرگ رہنماءکی 2ستمبر کو سرینگر کے علاقے حیدرپورہ کے ایک قبرستان میں تدفین کی گئی تھی ۔
حریت رہنما جہانگیر غنی بٹ ایک وفد کے ہمراہ سرینگر کے علاقے حیدرپورہ میں سید علی گیلانی کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر غنی بٹ نے کشمیرکاز کے لئے ان کی خدمات پر بزرگ رہنما کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
دریں اثناءحریت رہنما جاوید احمد میر، جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ، تحریک وحدت اسلامی، جموں و کشمیرایمپلائز موومنٹ اور جموںوکشمیرپولیٹکل ریزسٹنس موومنٹ نے اپنے بیانات میں عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ جنوبی ایشیا کو ایٹمی تباہی سے بچانے کے لئے تنازعہ کشمیر کو حل کرانے میں اپنا کردار اداکرے۔ حریت رہنما مسرور عباس انصاری اور انجمن شرعی شیعیان نے اپنے بیانات میں کشمیر ی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں”تقسیم کرو اور حکومت کرو“ کے دشمن قوتوںکے مذموم ایجنڈے کو اتحادو اتفاق سے ناکام بنائیں۔
بھارتی حکام نے سرینگر سینٹرل جیل سے25سیاسی قیدیوں کو راجوری کی سب جیل میںمنتقل کردیاہے۔ پلوامہ قصبے میں شہید پارک کے نزدیک ایک پولیس گاڑی کے قریب دستی بم کے دھماکے میں تین شہری زخمی ہوگئے۔
ادھر نیپال کی حکومت نے نیپا وائرس کے ممکنہ پھیلاو¿ کے خلاف ایک انتباہ جاری کی ہے جس کو عالمی ادارہ صحت نے دنیا کے 10 مہلک ترین امراض میں سے ایک قراردیا ہے۔ نیپال کی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر کرشنا پرساد پوڈل نے ایک بیان میں کہا کہ مہلک این آئی وی کا انفیکشن شدید بیماری کا باعث بن جاتا ہے ،یہ جانوروں سے انسانوں اورپھر انسانوں سے انسانوں میںمنتقل ہو جاتا ہے اوریہ بھارتی ریاست کیرالہ میں ظاہر ہوا ہے۔
بھارت میں خواتین کی اجتماعی عصمت دری کے مسلسل واقعات کے دوران ایک نئی متاثرہ لڑکی نے اپنی شکایت میں کہاہے کہ کرناٹک میں کئی افرادنے اس کواغوا کرکے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایاہے۔ اس دوران اغوا کاروںنے اس کی ویڈیوز بنائیں اور سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیں۔
آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر سردار محمد یعقوب خان آج اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے دفتر پر گئے اور بابا حریت سید علی گیلانی اورکشمیر میڈیا سروس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرشیخ تجمل الاسلام کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔