مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی جارحیت کوتمام عالمی فورموں پربے نقاب کیاجائیگا، قمر الزمان کائرہ

اسلام آبادیکم جون (کے ایم ایس)
وزیر اعظم کے مشیربرائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر الزمان کائرہ نے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی جارحیت او ر مظالم کو تمام عالمی فورموں پر بے نقاب کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قمر الزمان قائرہ نے اسلام آباد میں منعقدہ آل پارٹیز مشاورتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی بھارتی تسلط سے آزادی سے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے۔قمر زمان کائرہ نے بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی جاری جدوجہد میں کشمیری قیادت کے جذبے پر اسے زبردست خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کسی ایک جماعت کا نہیں ملک کا معاملہ ہے،جمہوری اور غیر جمہوری دونوں ادوار میں مسئلہ کشمیر کے حل کی کوششیں کی گئی ہیں۔بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر کے لوگوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر تحریک آزادی کو زندہ رکھا ہواہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود، سابق وزرائے اعظم راجہ فاروق حیدر، سردار عبدالقیوم نیازی، سردار عتیق احمدخان، چوہدری عبدالمجید، سردار یعقوب، سابق اپوزیشن لیڈر چوہدری یاسین،سابق صدر راجہ ذوالقرنین خان، سابق سپیکر شاہ غلام قادر، چوہدری لطیف اکبر ،مرزا شفیق جرال، سردار حسن ابراہیم اور حریت کانفرنس کے اکابرین اور سیاسی رہنما بھی موجود تھے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود ،وزیر اعظم تنویر الیاس اور سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حید ر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبول بٹ اور افضل گورو کا عدالتی قتل کیا،بھارت چار ہزار سرمایہ کاروں کو مقبوضہ کشمیر میں زمین دنیا چا ہتا ہے جو کہ جموں وکشمیر پر بھارت کا بہت بڑا حملہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ علاقے میںآبادی کے تناسب کو تبدیل کر کے ایک ہندو وزیر اعلیٰ لانا چا ہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عملی کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں حالات نارمل نہیں ہیں۔ مقررین نے کہاکہ ہم کشمیر میں اپنی ذمہ داریوں کے حوالے سے آگاہ ہیںاورمودی اب شر پسند عناصر کو کشمیر بھیجے گا۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کی عمر قید کی سزا عالمی قوانین کی خلاف ورزی اوراقوام عالم کے منہ پر ایک طمانچہ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیری شہداء قربانیاں ناقابل فرموش ہیں۔ بھارت ظلم و تشدد کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کوکمزور نہیں کرسکتا۔انہوں نے مسئلہ کشمیر پر اپنی آواز بلند کرنے پروزیر اعظم شہباز شریف ،وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور پوری پاکستانی قوم کے شکریہ بھی ادا کیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button