تیزی سے پھیلتی ہوئی کورونا وبا کے پیش نظرکشمیری نظربندوں کی رہائی کامطالبہ
اسلام آباد 13 جنوری (کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنماء الطا ف حسین وانی نے بھارت اور غیر قانونی طور پر اس کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کی جیلوں میں تیزی سے پھیلتی ہوئی کورونا وبا کے پیش نظر کشمیری سیاسی نظربندوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق الطاف وانی نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں مہلک کورونا وبا کی نئی لہر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بھارت تیزی سے کورونا وائر س کا ایک اور مرکز بن رہا ہے۔ میڈیا کی اطلاعات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سمیت 400اراکین پارلیمنٹ اور دلی پولیس کے 300اہلکار اس مہلک وائر س میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تیزی سے پھیلتی ہوئی وبا کی وجہ سے تہاڑ جیل اور بھارت کی دیگر جیلوں میں گزشتہ کئی برس سے غیر قانونی طورپر نظربند کشمیری سیاسی رہنمائوں کی زندگیوں کو شدید خطر ہ لاحق ہے۔ الطاف وانی نے کہاکہ تہاڑ جیل میں درجنوں قیدی مہلک وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے کشمیری سیاسی رہنمائوں کی زندگیوں کو بھی خطر ہ لاحق ہے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی دیگر بین الاقوامی تنظیموں پر زوردیا کہ وہ کشمیری نظربندوں کی رہائی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔