مقبوضہ جموں و کشمیر

میر واعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کو شاندار خراج عقیدت

سرینگر19مئی (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے ممتاز آزادی پسند رہنمائوں میرواعظ مولوی محمد فاروق ،خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کوانکی شہادت کی برسیوں پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ فاروق کونامعلوم مسلح افراد نے 21مئی 1990کو سرینگر میں ان کی رہائش گاہ پر گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا، اسی روز سرینگر کے علاقے حول میں بھارتی فوجیوں نے ان کے جنازے کے شرکاء پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 70 سوگواروں کو شہید کر دیا تھا۔ 2002میں اسی دن نامعلوم مسلح افراد نے خواجہ عبدالغنی لون کو اس وقت شہید کردیاتھا جب وہ مزار شہداسرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے بعد لوٹ رہے تھے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک بیان میں شہید ملت میر واعظ مولوی محمد فاروق اور شہید حریت خواجہ عبدالغنی لون کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی قابض انتظامیہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال اور خوف و ہراس کا ماحول قائم کر رہی ہے۔میرواعظ عمر فاروق نے جو اگست 2019سے مسلسل گھر میں نظربند ہیں کہا کہ کشمیری عوام کو درپیش مشکلات اورتنازعہ کشمیر کے حل کیلئے انکی قربانیاں ہمیں مسلسل یاد دلاتی ہیں کہ اس دیرینہ تنازعہ کا حل ناگزیر ہے اور کشمیریوں کے جذبات کا احترام کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ قید و بند کے ذریعے حقیقت کو نہیں بدلاجا سکتااور ہم اپنے قائدین کے مشن کو ہر قیمت پر جاری رکھیں گے ۔ میر واعظ نے افسوس ظاہر کیاکہ بھارتی قابض انتظامیہ نے طاقت کے وحشیانہ استعمال اور خوف و ہراس کے ذریعے کشمیریوںیا حریت قیادت کی انفرادی یا اجتماعی اظہار رائے پر مکمل قدغن عائد کررکھی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربند نائب چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر سینٹرل جیل سے جاری ایک پیغام میں کہا کہ کشمیری میرواعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول اوردیگر شہداء کی قربانیوں کوہر گز فراموش نہیں کریں گے جنہیں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ شہید میرواعظ محمد فاروق ایک عظیم مبلغ اور عالم دین تھے اور میر واعظ کے پورے خاندان نے اسلام کے پیغام کو عام کرنے کے لیے ناقابل فراموش خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید خواجہ عبدالغنی لون ایک نڈر رہنما تھے جنہوں نے زندگی بھر تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے انتھک جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی کشمیر میں ان عظیم قائدین نے گرانقدر خدمات انجام دیں۔غلام احمد گلزارنے کہا کہ کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت وحشیانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکتی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں مولوی بشیر احمد عرفانی اور غلام نبی وسیم نے ایک مشترکہ بیان میں میرواعظ مولوی عمر فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو ان کی شہادت کی برسیوںپر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہدا کی قربانیوںکو ہرگز فراموش نہیں کرتیں اور ان کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہداکی قربانیاں تحریک آزادی کشمیرکا عظیم اثاثہ ہیں اور شہدا کی قربانیوں کی وجہ سے ہی مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر مرکز نگاہ بن گیا ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما بشیر احمد بٹ نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ شہدا کشمیریوں کے ہیرو ہیں اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میرواعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کی قربانیاں کشمیریوں کیلئے مشعل راہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام کشمیریوں کا فرض ہے کہ وہ اپنے شہدا کے مشن کی تکمیل اور کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی پر امن جدوجہد جاری رکھیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button