پنڈتوں کی ٹارگٹ کلنگ کا مقصد کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کی راہ ہموار کرنا ہے، ڈی ایف پی
سرینگر 04 جون (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں غیر قانونی طور پر نظر بند شبیر احمد شاہ کی سربراہی میں قائم جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی) نے کہا ہے کہ نامعلوم حملہ آوروں کی طرف سے کشمیری پنڈتوں کی ٹارگٹ کلنگ ایک گہری سازش ہے جسکا مقصد خطے میں مسلمانوں کی نسل کشی کی راہ ہموار کرنا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈی ایف پی نے آج سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ وادی کشمیر میں ہندو اقلیتی برادری کے خلاف تشدد میں حالیہ اضافہ جموں و کشمیر کے اس وقت کے گورنر جگ موہن ملہوترا کے مذموم منصوبے کی نقل ہے۔ جگ موہن نے حق پر مبنی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی کے طور پر بدنام کرنے کے لیے 1989 میں کشمیری پنڈیوںکو مقبوضہ وادی سے نکالا تھا۔بیان میں کہا گیا کہ بی جے پی کی ہندو بالادستی کی حکومت جگ موہن ہی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے البتہ فرق صرف یہ ہے کہ نسل پرست حکومت اسے اپنے فرقہ وارانہ ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے استعمال کر رہی ہے اور یہ ایجنڈہ مقبوضہ جموںوکشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔ ڈی ایف پی نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ، موہن بھاگوت کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھاگوت نے کھلے عام کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل علاقے کی آبادی میں تبدیلی ہے۔ بیا ن میں کہا گیا کہ بی جے پی حکومت جو کچھ کرنا چاہتی ہے وہ یہ ہے کہ کشمیری پنڈتوں کو نامعلوم حملہ آوروں کی آڑ میں قتل کرکے خوف اور عدم تحفظ کا ماحول پیدا کیا جائے اور اسکاالزام آزادی پسندوں پر لگایا جاسکے۔بیان میں کشمیری پنڈتوں کی حالیہ ہلاکتوں کو بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی کارستانی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ متعدد بھارتی ایجنسیوں کو مقبوضہ علاقے میں اقلیتی برادریوں کے افراد کو قتل کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے ہمیشہ اقلیتی برادری کے افراد کی ٹارگٹ کلنگ کو دو برادریوں کے درمیان پھوٹ ڈالنے اور مسلمانوں کے خلاف فرقہ وارانہ نفرت کو ہوا دینے کے لیے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا ہے۔ ڈی ایف پی نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں نے سب کے باوجود فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو ہمیشہ برقرار رکھا ہے اور اپنے ہندو پڑوسیوں کی حفاظت کی۔ڈی ایف پی نے کشمیری عوام پر زور دیا کہ وہ بھارتی حکومت کے مذموم عزائم کو بے نقاب کرنے کے لیے چوکس رہیں جو اپنے فرقہ وارانہ ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے کشمیری پنڈتوں کو قربانی کے بکرے کے طور پر استعمال کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ بیان میں کشمیری پنڈت برادری پر بھی زور دیا کہ وہ بی جے پی کی سازش کا شکار نہ ہوں۔