صدر مملکت کی کشمیری نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت
اسلام آباد 04جون(کے ایم ایس)صدر ڈاکٹر عارف علوی نے مقبوضہ جموں و کشمیرمیں کشمیری نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق صدر نے آج اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ قابض بھارتی فوج نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میںبے گناہ کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ انہوں نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل اور انسانی حقوق کی دیگر سنگین خلاف ورزیاں فوری طور پر بند کرے۔صدر نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں وکشمیر کا پرامن حل علاقائی امن کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت حق خود ارادیت کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کو اس طرح کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے دبا نہیں سکتا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی قبضے اور جارحیت کے خلاف مقامی سطح پر آزادی کی اس تحریک کو دہشت گردی سے نہیں جوڑا جا سکتا۔صدر نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں دہشت گردی کی ان غیر انسانی کارروائیوں نے ہندوتوا کا انتہا پسند چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔