سکھوں کو جدیدہتھیاروں کی تربیت حاصل کرنی چاہیے: سربراہ اکال تخت
امرتسر 06جون(کے ایم ایس)اکال تخت کے سربراہ گیانی ہرپریت سنگھ نے سکھ برادری سے اپیل کی ہے کہ مودی حکومت کی جانب سے سکھوں کو سیاسی ، معاشی اور سماجی طور پر کمزور کرنے کی کوششوں کے پیش نظر وہ ہتھیاروں کی تربیت حاصل کریں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق امرتسر میں گولڈن ٹیمپل کے باہر ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خالصتان کے حق میں فلک شگاف نعروں کی گونج میں تخت کے جتھیدار نے کہا کہ سکھوں کو ہتھیاروں کی تربیت کی اکیڈمی کھولنی چاہیے جہاں لوگ جدید ترین ہتھیار استعمال کرنا سیکھ سکیں۔اکال تخت سکھوں کے اختیار کی پانچ نشستوں میں سے ایک ہے۔ یہ پنجاب کے شہر امرتسر کے دربار صاحب میں ہے۔ شرکاء نے سکھ قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔گیانی ہرپریت سنگھ نے کہا کہ سکھ کبھی آزاد نہیں ہوئے۔ سکھوں کو سیاسی ، معاشی اور سماجی طور پر کمزور کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ مذہبی قوت حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔بھارتی حکومت نے اس بار پولیس تعینات کرکے سکھوں کو روکنے کی پوری کوشش کی۔ گیانی ہرپریت سنگھ نے کہاکہ بھارت میں مودی حکومت کے تحت جرائم بڑھ رہے ہیں اور ہر مذہب کو اپنے لوگوں کی حفاظت کا حق ہے۔انہوں نے کہاکہ سکھوں کو جدید ترین ہتھیاروں کی تربیت حاصل کرنی چاہیے۔انہوں نے یہ بیان پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو گولی مار کرقتل کیے جانے کے چند دن بعددیا۔