اقوام متحدہ کی بھارت میں بی جے پی رہنمائوں کے توہین آمیز بیانات کی مذمت
اقوام متحدہ 09جون(کے ایم ایس)اقوام متحدہ کے الائنس آف سویلائزیشن (یو این اے او سی)کے اعلیٰ عہدیدارMiguel Moratinos نے بھارت کی حکمراں جماعت بی جے پی کے دو رہنمائوں کی جانب سے حضور نبی اکرمۖاور اسلام کے بارے میں گستاخانہ بیانات کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیاہے کہ اس طرح کے بیانات تشدد کا باعث بنیں گے۔
اقوام متحدہ کے الائنس آف سویلائزیشن (یو این اے او سی)کے اعلیٰ عہدیدارکاتقررایک ایسااقدام ہے جس کا مقصد انتہا پسندی کے خلاف بین الاقوامی سطح پر اقدامات کرنا ہے۔ میگوئل موراتینوس نے ایک بیان میں کہاکہ جارحانہ بیانات یا اقدامات سے جن کا مقصد مسلمانوںیا کسی دوسرے عقیدے کے پیروکاروں کی توہین کرنا ہے، تشدد بھڑک اٹھے گا اور نفرت کو ہوا ملے گی۔انہوں نے تمام مذاہب اور عقائد کے احترام کو آگے بڑھانے کی کوششوں کو مضبوط بنانے اور انسانی حقوق، مذاہب اور عقائد کے احترام کی بنیاد پر ہر سطح پر رواداری اور امن کے کلچرکو فروغ دینے کی اہمیت کا اعادہ کیا۔اقوام متحدہ کی جانب سے مذمت بی جے پی رہنمائوں کی طرف سے پیغمبر اسلام حضرت محمدۖ کی شان اقدس میں گستاخانہ بیان پر عالم اسلام میں شدید احتجاج کے پس منظر میں سامنے آئی ہے۔