ناگالینڈ میںعام شہریوں کو قتل کرنے پر 30بھارتی فوجیوں کے خلاف چارج شیٹ دائر
دیماپور 12جون(کے ایم ایس)بھارت کی شورش زدہ ریاست ناگالینڈکی پولیس نے بھارتی فوج کی پیرا اسپیشل فورس کے ایک میجر سمیت کم از کم 30 اہلکاروںکے خلاف چارج شیٹ دائر کی ہے جو ضلع مون میں ایک درجن سے زائد شہریوں کے قتل میں ملوث ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دسمبر 2021میں ریاست میں ضلع مون کے علاقے اوٹنگ ترو میںایک میجر سمیت بھارتی فوج کے کم از کم 30اہلکاروں نے 13عام شہریوں کوقتل کیاتھا۔ چارج شیٹ میں فوجیوں کی ٹیم پر قتل کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ چارج شیٹ سے پہلے تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ اسپیشل فورس کی آپریشن ٹیم نے قواعد وضوابط پر عمل نہیں کیا اور اندھا دھند اور غیر متناسب فائرنگ کا سہارا لیا جس کے نتیجے میں چھ شہریوں کی فوری موت ہوئی اور دو شدیدزخمی ہوئے۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ناگالینڈ کے ڈائریکٹر جنرل پولیس ٹی جان لانگکومر نے کہا کہ تزیت پولیس اسٹیشن کا کیس اوٹنگ کے واقعے سے متعلق ہے جہاں بھارتی فوج نے 4 دسمبر 2021 کوگھات لگاکر شہریوں کو غلط شناخت کے نتیجے میں قتل کردیا۔اسٹیٹ کرائم پولیس اسٹیشن نے 5دسمبر کو بھارتی فوج کے نامعلوم افراد کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 302، 304اور 34 کے تحت مقدمہ درج کیا اور تفتیش ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم کو سونپی گئی۔ تحقیقاتی ٹیم نے اس معاملے کی پیشہ ورانہ طریقے سے تفتیش مکمل کی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شواہد بشمول مختلف اتھارٹیز اور ذرائع سے متعلقہ اہم دستاویزات ، سنٹرل فرانزک سائنس لیبارٹری گوہاٹی ، حیدرآباد اور چندی گڑھ سے سائنسی رائے اور تحقیقات کے دوران نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تکنیکی شواہد اکٹھے کیے گئے۔ ڈی جی پی نے کہا کہ تحقیقات مکمل ہوچکی ہیں اور چارج شیٹ 30مئی 2022کو اسسٹنٹ پبلک پراسیکیوٹر کے ذریعے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں جمع کرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیرا سپیشل فورس کی آپریشن ٹیم کے30 بھارتی فوجیوں کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ بنایا گیاہے جن میں ایک میجر ، دو صوبیدار ، آٹھ حوالدار ، چار نائیک ، چھ لانس نائیک اور نو پیراٹروپر شامل ہیں۔