بھارت کشمیریوں کے قتل عام کے بعد اب دوسرے ممالک میں دہشت گردی کا مرتکب ہورہا ہے
سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متحد ہو کربھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف اپنی آواز بلند کریں تاکہ بھارت کو یہ واضح پیغام جائے کہ کشمیری عوام حق خودارادیت کے حصول کے لئے اپنی جدوجدہ جاری رکھیں گے اوربھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پوسٹرجموں و کشمیر پیپلز ریزسٹنس پارٹی ،ریزسٹنس یوتھ فورم جموں و کشمیر، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ، جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ ، نوجوانانِ حریت جموں و کشمیر اوردیگر حریت پسند تنظیموں کی طرف سے سرینگر اور دیگر علاقوں میں دیواروں، ستونوں اور بجلی کے کھمبوں پر چسپاں کیے گئے ۔ پوسٹروں میں لوگوں پر زور دیا گیاہے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد واتفاق پیدا کریں اور بھارتی حکومت کی ہندوتوا دہشت گردی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔پوسٹروں میں کہا گیاہے کہ بھارت کی ہندوتوا حکومت کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے اور اس کی خفیہ ایجنسی ” را ”نے دیگر ممالک میں سفارت کاروں کے بھیس میں دہشت گردی پھیلا رکھی ہے۔پوسٹروں میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے ہندوتوا حکمران اور ان کی فورسز کشمیریوں، بھارتی مسلمانوں، سکھوں، عیسائیوں، دلتوں اور دیگر اقلیتوں کے سیاسی حقوق سلب کرنے کے علاوہ ان کو قتل کر رہی ہیں۔ بھارتی فوج مقبوضہ جموں و کشمیر میں آزادی کی آواز وں کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔پوسٹر وں میں کہاگیا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں کے خلاف مودی حکومت کی ریاستی دہشت گردی کے بعد اب ہندوتوا نظریے کی حامل اس کی خفیہ ایجنسی ”را” آزاد کشمیر، پاکستان اور کینیڈا میں سکھوں اور کشمیری مسلمانوں کو قتل کروارہی ہے۔ . پوسٹروںمیں کہاگیا ہے کہ کشمیری اور سکھ پرامن طریقے سے اپنے سیاسی حقوق کا مطالبہ کررہے ہیں اوردنیا کوہندوتوا نظریے کی حامل مودی حکومت کا محاسبہ کرنا چاہیے۔ پوسٹروںکو فیس بک اور ایکس سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا گیاہے۔