پاکستان کی بھارت میں احتجاج کرنے والے مسلمانوں پر تشدد کی شدید مذمت
اسلام آباد 13جون (کے ایم ایس) پاکستان نے بھارت میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنمائوں کے گستاخانہ بیانات کے خلاف احتجاج کرنے والے مسلمانوں پر بھارتی پولیس کے تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت میں مسلمان اپنا پر امن احتجاج ریکارڈ کرانا چاہتے تھے اور گستاخانہ بیانات کے خلاف اپنے جذبات کا اظہار کر رہے تھے۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی مسلمان بی جے پی کے دو رہنمائوں کے گستاخانہ بیانات پر احتجاج کرنا چاہتے تھے لیکن بھارتی ریاست نے نہتے مسلمان مظاہرین کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ بیان میں کہاگیا بھارت کی کئی ریاستوں میں مسلمان مظاہرین پر حکومت کی جانب سے طاقت کا بہیمانہ استعمال کیا گیا اور مسلمان مظاہرین پر فائرنگ کی گئی۔ بھارت کے ریاستی تشدد اور فائرنگ سے کئی نہتے مظاہرین شہید ہوگئے ہیں۔بیان میں کہاگیاکہ بھارت میں ہندوتوا پر یقین رکھنے والے پولیس اہلکار مسلمانوں پر مظالم ڈھارہے ہیں۔ دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی برادری بھارت میں مسلمانوں پر بڑھتے ہوئے مظالم کی مذمت کرے اور بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کے خلاف اقدامات کرے۔