اسلامی ممالک کا اتحاد ہی مسئلہ فلسطین و کشمیر، اسلامو فوبیا سے پیدا ہونیوالی صورتحال سے نمٹ سکتا ہے ، حافظ طاہر اشرفی
لاہور22ستمبر (کے ایم ایس )
چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کا اتحاد ہی فلسطین او رکشمیر کے تنازعات اور اسلامو فوبیا سے پیدا ہونے والی صورتحال و دیگر مسائل سے نمٹ سکتا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے لاہور میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب کو بحیثیت سربراہ او آئی سی مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ ترکیہ، قطر اور ایران کے سربراہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مغرب کی جانب سے قرآن کریم کی توہین کے سلسلے کیخلاف آواز اٹھا کر دو ارب مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔۔انہوں نے کہا کہ تین اسلامی ممالک ترکیہ، قطر اور ایران کے سربراہوں نے اقوام متحدہ میں خطاب کرتے ہوئے قرآن پاک کے اوراق کو نذر آتش کرنے کے معاملے پر اقوام عالم کو خبردار کیا کہ مغربی ممالک میں اسلامو فوبیا سمیت نسل پرستی کی لہر طاعون کی طرح پھیل رہی ہے۔ ناپاک جسارتوں کا یہ سلسلہ اب ناقابل برداشت حدوں تک پہنچ چکا ہے جو ناصرف بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے کی جانے والی عالمی کوششوں کو سبوتاژ کررہا ہے بلکہ عالمی امن کیلئے بھی خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ناپاک جسارتوں کے سلسلے سے پونے دو ارب مسلمانوں کے جذبات برانگیختہ ہیں، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان ، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور امیر قطر تمیم بن احمد الثانی نے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر یہ مسئلہ اٹھا کر امت مسلمہ کی رہنمائی کی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت سعودی عرب او آئی سی کا سربراہ ہے، اسے مسئلہ کشمیر و مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔