مقبوضہ جموں وکشمیر میں حد بندی پینل کی سربراہ پر نوازشات ، پی سی آئی کی سربراہ مقرر
نئی دہلی 15جون (کے ایم ایس) نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کی خواہشات اور ہدایات کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں نام نہادحد بندی کے عمل کو انجام دینے پر جسٹس رنجنا ڈیسائی کو انعام سے نوازا اور انہیں پریس کونسل آف انڈیا کی چیئر پرسن مقررکردیاہے۔
بھارتی سپریم کورٹ کی سابق جج جسٹس رنجنا پرکاش ڈیسائی کی سربراہی میں حد بندی پینل نے نام نہاد اسمبلی میںہندو اکثریت والے جموں خطے کے لیے چھ اور وادی کشمیر کے لیے صرف ایک نشست بڑھانے کی سفارش کی تھی۔ اسمبلی نشستوں میں اس غیر منصفانہ اضافے سے بی جے پی اور آر ایس ایس کے لیے مستقبل میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہندو وزیراعلیٰ مسلط کرنے کی راہ ہموارہوگئی ہے۔بھارت کے نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو ، لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا اور پی سی آئی کے رکن پرکاش دوبے پر مشتمل کمیٹی نے منگل کو منعقدہ اجلاس میں پی سی آئی کی چیئرمین کے طور پر ان کی تقرری کی منظوری دی۔ 72سالہ جسٹس ڈیسائی بمبئی ہائی کورٹ کی سابق جج ہیں۔جسٹس ڈیسائی کی بطور پی سی آئی سربراہ تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔ میڈیا کے نگران ادارے کے دیگر ارکان کو بھی جلد مقرر کیا جائے گا۔یہ عہدہ گزشتہ سال نومبر سے خالی پڑا تھا جب ریٹائرڈ جسٹس چندر مولی کمار پرساد نے پی سی آئی کے چیئرپرسن کی حیثیت سے اپنی مدت پوری کرلی تھی۔