مقبوضہ جموں و کشمیر

کل جماعتی حریت کانفرنس کا تہاڑجیل میں نظربند شبیر شاہ اوردیگر کی بگڑتی ہوئی صحت پر اظہار تشویش

سرینگر15جون (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت اورمقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں غیر قانونی طور پر نظر بنداپنے سینئر وائس چیئرمین شبیر احمد شاہ اور دیگر حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی بگڑتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر وائس چیئرمین شبیر احمد کی صحت بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں دن بدن بگڑ تی جارہی ہے۔ حریت رہنمائوں عبدالاحد پرہ ، زمرودہ حبیب ، یاسمین راجہ ، ڈاکٹر مصعب ، جموں کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے صدراور جموں و کشمیر پیپلز لیگ نے سرینگر میں جاری اپنے الگ الگ بیانات میں افسوس کا اظہار کیا کہ شبیر احمد شاہ ، سیدہ آسیہ اندرابی اور دیگر رہنمائوں ، کارکنوں اور نوجوانوں کی بگڑتی ہوئی صحت کے باوجود فسطائی جیل حکام انہیں قانون کے مطابق علاج ومعالجے اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم نہیں کررہے ہیں۔ انہوں نے نظربند حریت رہنمائوں اور کارکنوں کو طبی امداد سمیت بنیادی سہولیات فراہم نہ کرنے کی شدید مذمت کی اور اسے قیدیوں کے حقوق کی کھلی خلاف ورزی قراردیا جن کی ضمانت انسانی حقوق کے چارٹر میں دی گئی ہے۔ انہوں نے حریت رہنمائوں ، کارکنوں اور نوجوانوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جیلوں کوکشمیری نظربندوں کے لئے موت کے کنوئوں اور بدترین تفتیشی مراکز میں تبدیل کر دیا گیاہے جہاں انہیں جسمانی اور ذہنی تشدد کا نشانہ بنایاجارہاہے۔ حریت رہنمائوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل ، ایمنسٹی انٹرنیشنل ، ہیومن رائٹس واچ ، بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی اور انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں پر زور دیا کہ وہ بھارت اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بندحریت رہنمائوں اور کارکنوں کی حالت زار کا نوٹس لیں۔انہوں نے کہاکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ ، سینئر وائس چیئرمین شبیر احمد شاہ ، محمد یاسین ملک ، آسیہ اندرابی ، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو ، فہمیدہ صوفی ، ناہیدہ نسرین ، ایاز اکبر ، الطاف احمد شاہ ، پیر سیف اللہ ، راجہ معراج الدین کلوال ، نعیم احمد خان ، فاروق احمد ڈار ، شاہد الاسلام ، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی ، ڈاکٹر غلام محمد بٹ ، محمد یوسف میر ، محمد یوسف فلاحی اور دیگررہنمااورکارکن کئی کئی عارضوں میں مبتلا ہیں اور ان میں سے بیشترسالہاسال سے بنیادی سہولیات کے بغیر مختلف جیلوں نظربند ہیں۔
دریں اثناء مختلف حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے محمود احمد ساگر کوکل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموںوکشمیر شاخ کے کنوینر ، عبدالمتین کو جنرل سیکرٹری اور امتیاز وانی کو سیکرٹری اطلاعات منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button