مقبوضہ جموں و کشمیر

میر واعظ عمر فاروق اوردیگر رہنمائوں کی طرف سے مقبول بٹ اور افضل گورو کو شاندار خراج عقیدت


سرینگر08فروری (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے تحریک آزادی کشمیر کے صف اول کے رہنماءشہید محمد مقبول بٹ اور سرزمین کشمیر کے نامور سپوت شہید محمد افضل گورو کو ان کی شہادت کی برسیوں پرشاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جدوجہد آزادی کشمیر کیلئے ان کی قربانیوں کی تعریف کی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ عمرفاروق نے جو سرینگر میں گھر میںنظربند ہیں نے ایک بیان میں کہاہے کہ اپنے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کشمیری عوام اور حریت قیادت کی طرف سے دی گئی قربانیوں کی تاریخ انتہائی شاندار ہے جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ صورتحال کچھ بھی ہو، ہمیں اپنے عزم اور حوصلے کو برقرار رکھنا چاہیے اور شہداءکے اس ویژن اور مشن کی تکمیل کیلئے اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھنی چاہیے جس کیلئے 1931سے بالعموم اور 1947سے بالخصوص کشمیری شہداءنے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کل بدھ اور جمعہ کو دونوں شہداءکی شہادت کی برسیوں کے موقع پر مکمل ہڑتال کی اپیل کی ۔ میرواعظ عمر فاروق نے عالمی برادری بالخصوص انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ تہاڑ جیل سے مقبول بٹ اور افضل گورو کی باقیات انکے اہلخانہ کے حوالے کرنے کیلئے بھارت پر دباﺅ بڑھائیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں چوہدری شاہین اقبال، حکیم عبدالرشید، شفیق الرحمان، ارشاد احمد ملک، غلام نبی وار اور چوہدری مزمل ایڈووکیٹ نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی پھانسیوںکو ایک وحشیانہ قتل قراردیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں رہنماﺅں کی پھانسیوں سے اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ بھارتی عدالتوں سے کشمیریوں کو ہرگز انصاف نہیں مل سکتا ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں محمد اقبال میر اورعبدالصمد انقلابی نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہا ہے کہ دونوں شہید رہنماﺅں نے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کرکے ثابت کیا ہے کہ کشمیری عوام بھارت سے ٹکرانے کا جذبہ اور حوصلہ رکھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شہید محمد مقبول بٹ اور شہید محمد محمد افضل گورو کی پھانسیوںکو عدالتی قتل قراردیتے ہوئے کہاکہ جس طرح بھارت نے تہاڑ جیل میں دونوں رہنماﺅں کو پھانسی پر چڑھایا اس کی بھارت کے عدالتی نظام میں مثال ملنا مشکل ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنما زمردہ حبیب، فریدہ بہن جی اور کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی رہنما شمیم شال اوراعجاز رحمانی نے اپنے بیانات میں دونوں شہید کشمیری رہنماﺅں کی میتوں کی نئی دلی کی تہاڑ جیل سے ان کے اہلخانہ کے حوالے کرنے کا مطالبہ دوہرایا ۔ انہوں نے کہاکہ محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کشمیری عوام کے ہیرو ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنماﺅں محمود احمد ساغر ، سید اعجاز رحمانی اور عزیر احمد غزالی نے اپنے بیانات میں کہا ہے کہ دونوں کشمیری رہنماﺅں کو ان کے خلاف جھوٹے مقدمات کی غیر منصفانہ سماعت کے بعد پھانسی دی گئی۔ انہوں نے اسے عدالتی قتل قرار دیا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button