حریت رہنماصمد انقلابی نے جیل میں بھوک ہڑتال شروع کر دی
اسلام آباد15 جون ( کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما عبدالصمد انقلابی نے بھارتی ریاست اتر پریش کی وارنسی جیل میں انتظامیہ کے ناروا سلوک کے خلاف بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر کے رہنما عبدالمجید لون نے ایک بیان میں کہا کہ عبدالصمد انقلابی نے بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنماﺅں ، کارکنوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کے خلاف بطور احتجاج بھوک ہڑتال کر دی ہے۔ انہوںنے کہا کہ عبدالصمد انقلابی کئی عوارض میں مبتلا ہیں اور انہیں کچھ عرصہ قبل جموںخطے کی کوٹ بھلوال جیل سے اترپردیش کی وارانسی جیل کے ایک تنگ وتاریک سیل میں منتقل کیا گیاجہاں انہیں جسمانی و ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ جیل انتظامیہ شدید علالت کے باوجود انہیں ہسپتال منتقل نہیں کر رہی ۔ انہوںنے کہا کہ صمد انقلابی کے ساتھ ساتھ غیر قانونی طور پر نظر بند دیگر حریت رہنماﺅں کی جانیں شدید خطرے میں ہیں اور اگر ان کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اسکی تمام تر ذمہ داری قابض بھارتی انتظامہ پر عائد ہو گئی ۔عبدالمجید لون نے انسانی حقوق کی تمام مقامی وبین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بھارتی جیلوں میں نظربند حریت رہنماﺅں کو تحفظ فراہم کرانے کے لیے اپنا کردارادا کریں۔