زرعی قوانین کی طرح مودی کو اگنی پتھ سکیم بھی واپس لینا پڑے گی: راہل گاندھی
نئی دہلی 19جون(کے ایم ایس)کانگریس رہنما راہل گاندھی نے کہا ہے کہ جس طرح وزیر اعظم نریندر مودی کو زرعی قوانین کو واپس لینا پڑا تھا اسی طرح انہیں نوجوانوں کے مطالبے کو ماننا پڑے گا اور اگنی پتھ دفاعی بھرتی اسکیم کو واپس لینا پڑے گا۔
راہل گاندھی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ بی جے پی حکومت مسلسل آٹھ سال سے ”جے جوان ، جے کسان”کے اقدار کی توہین کررہی ہے۔کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی ایک ٹویٹ میں اگنی پتھ اسکیم پر تنقید کرتے ہوئے مودی حکومت پر زور دیا کہ وہ دیہی نوجوانوں کے درد کو سمجھے جو مسلح افواج میں بھرتی کی تیاری کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ تین سال سے کوئی بھرتی نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ایئر فورس بھرتی کے نتائج اور تقرریوں کا انتظار کر رہے ہیں۔پرینکا گاندھی نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کی مستقل تقرری، رینک اور پنشن چھین لی۔ انہوں نے ایک خط کی کاپی بھی شیئر کی جو انہوں نے مسلح افواج کی بھرتی میں تاخیر پر مارچ میںوزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کولکھا تھا۔ انہوں نے راجناتھ سنگھ پر زور دیاتھا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرے کہ خواہش مندوں کی محنت کا احترام کیا جائے۔پرینکا گاندھی نے 29مارچ کو اپنے خط میں مسلح افواج کی بھرتیوں میں نوجوانوں کو درپیش مسائل کی نشاندہی کی تھی۔