تمام سکھ بھارت میں 26جنوری کے خالصتان ریفرنڈم کی حمایت کریں:سکھز فار جسٹس
نیو یارک 20جون(کے ایم ایس)امریکہ میں قائم سکھ تنظیم ”سکھز فار جسٹس ”نے جوبھارتی پنجاب کے سکھوں کے لیے علیحدہ وطن خالصتان کی حمایت کرتی ہے ، کابل میںکچھ غیر ریاستی عناصرکی طرف سے گردوارے پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے سکھ برادری پر زور دیا ہے کہ وہ 26 جنوری 2023کو بھارت میں ہونے والے خالصتان ریفرنڈم کی حمایت کرے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سکھز فار جسٹس کے جنرل کونسل گورپتونت سنگھ پنن نے اپنے ایک آڈیو ویڈیو پیغام میں اس بات کو اجاگرکیا کہ بھارت میں سکھوں کے گوردواروں پر4جولائی 1955سے شروع ہونے والے حملے ہمیشہ ریاستی سرپرستی میں ہوتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک بار جب سکھوں کا خالصتان بن جائے گا ، سکھوں کے خلاف غیر ریاستی اور ریاستی دہشت گردی میں ملوث تمام افراد کو بین الاقوامی قوانین کے تحت جوابدہ بنایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے جب شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی(ایس جی پی سی)اور دہلی سکھ گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی(ڈی ایس جی ایم سی) جیسی تمام سکھ تنظیمیں مودی حکومت سے مدد کی التجا کرنے کے بجائے بھارت میں خالصتان ریفرنڈم کے لیے 26 جنوری کی ووٹنگ کی کھلی حمایت اور تشہیر کریں۔