میلبورن : بھارت میں سکھ برادری کے خلاف جاری ظلم وستم اورجارحیت کے خلاف آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں بھارت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیاگیا جس میں دو ہزار سے زائد سکھوں نے شرکت کی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سکھ مظاہرین نے فیڈریشن اسکوائر سے پارلیمنٹ ہائوس تک مارچ کیااور شرکاء تمام راستے بھارت کے خلاف نعرے لگاتے ر ہے۔سکھ رہنمائوں نے اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت بیرون ملک آباد سکھ رہنمائوں کو خالصتان تحریک میں حصہ لینے سے روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ احتجاج کا مقصد کینیڈا میں بھارتی ایجنٹوں کے ہاتھوں ہردیپ سنگھ نجر کے قتل اور سکھوں کے خلاف جاری بھارتی مظالم کو اجاگرکرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آسٹریلیا میں مندروں پر گریفیٹی کے مودی کے دعوئوں کی کوئنز لینڈ پولیس نے تردید کردی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوئنز لینڈ پولیس کے مطابق بھارتی ہندوخود مندروں پر گریفیٹی کرکے سکھوں کو بدنام کرنے کیلئے ان پر الزام دھر رہے ہیں۔ انہوں نے آسٹریلوی حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ سکھوں پر الزامات لگانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے۔