مغربی بنگال اسمبلی میں نوپور شرما کے گستاخانہ بیان کے خلاف قرارداد منظور
کولکتہ 20جون(کے ایم ایس )
بھارتی ریاست مغربی بنگال اسمبلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی ترجمان نوپور شرما کے پیغمبر اسلام ۖکے بارے میں توہین آمیز بیان کے خلاف پیر کو ایک قرارداد منظور کی گئی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وزیر اعلی ممتا بنرجی کی موجودگی میں قرارداد پیش کی گئی جسے اراکین اسمبلی نے کثرت رائے سے منظور کیا۔ تاہم حزب اختلاف کے جماعت بی جے پی کے ارکان نے اسمبلی میں قرارداد پیش کرنے کی مخالفت کی۔ اپوزیشن لیڈر شوبھندو ادھیکاری نے قرارداد کے خلاف نعرے لگائے اوراحتجاجا ًاسمبلی سے واک آئوٹ کیا۔ دوسری جانب قرارداد پیش کرتے ہوئے ترنمول کانگریس کے ارکان نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر ملک میں نفرت کی سیاست کر نے کا الزام لگایا تاکہ لوگوں میںفرقہ وارانہ تشدد کو بھڑکاکر سیاسی فائدہ اٹھایا جا سکے۔ ترنمول کانگریس کے ارکان نے افسوس ظاہر کیاکہ نوپور شرما کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ نبی آخرالزمان حضرت محمد ۖسے متعلق بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈروں کے گستاخانہ بیانات کے خلاف بھارت بھرمیں کئی ہفتوں سے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں ۔