مسلمانوں کو ”راون” کی طرح زندہ جلادینا چاہئے:بہارمیں بی جے پی کے رکن اسمبلی کا بیان
پٹنہ بہار10مئی (کے ایم ایس) بھارت میں مسلم دشمنی کے رحجان میں اضافے کے دوران ریاست بہار میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی ہری بھوشن ٹھاکر نے کہاہے کہ مسلمانوں کوزندہ جلادینا چاہیے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق انہوں نے پٹنہ میں ایک تقریب کے موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جس طرح ہندو تہوار”دسہرہ” کے دوران راون کے علامتی پتلے نذر آتش کئے جاتے ہیں اسی طرح مسلمانوں کو بھی جلادینا چاہئے۔ اس موقع پر دہلی سے تعلق رکھنے والے بی جے پی کے رہنما کپل مشرا بھی موجود تھے۔انہوں نے بہار او رملک بھر میں مسلمانوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہ ہمیں اپنے نوجوان کو مضبوط بنانے کے لئے ہنومان جی کی ضرورت ہے اورہمارے ملک کے لوگوں کو مضبوط ہونا چاہئے۔ جس طرح راون جیسے شیطان کو ہنومان جی نے جلا یاتھا، انہیں بھی جلادینا چاہئے۔ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں مذکورہ رکن اسمبلی کو بہار میں کچھ مسلمان اکثریت والے اضلاع کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ٹوئٹ پر لکھا ہے کہ یہ ویڈیو بھارت کی ریاست بہار سے بی جے پی کے رکن اسمبلی ہری بھوشن ٹھاکر کی ہے جس میں وہ ہندوئوں کومسلمانوں کی نسل کشی او ران کے خلاف بڑے پیمانے پر تشدد کی دعوت دے رہے ہیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریاست کے خطے سیمانچل کے علاقوںکشن گنج،اراریا،پورنیا اور کاٹیہار میں مسلمانو ں کی آبادی کا تناسب47فیصد ہے۔