مقبوضہ جموں و کشمیر

بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے، خواجہ فردوس

 

سرینگر18 ستمبر (کے ایم ایس )
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے کہا ہے کہ بھارت حق پر مبنی کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم منصوبوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق خواجہ فردوس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ قابض بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ کشمیر کے اطراف و اکناف میں محاصرے اور تلاشی کی نام نہادکارروائیوں کے دوران بے گناہ نوجوانوں کے قتل اور گرفتاری کاسلسلہ تیز کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے جنوبی ایشیاءکا یہ خطہ ایٹمی فلش پوائنٹ بن چکا ہے ۔خواجہ فردوس نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے لہذا اس مسئلہ کا فوری حل دونوں ملکوں کے ساتھ ساتھ خطے کی بہتری کیلئے بھی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں کے حق خوارادیت کو تسلیم کررکھا ہے لیکن اب وہ طاقت کے بل پر کشمیر پر اپنے ناجائز قبضے کو طول دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان روز اول سے ہی تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کا خواہاں ہے لیکن اس مسئلے کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ بھارت ہے۔ خواجہ فردوس نے کہا کہ بھارت کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہئے اور جتنی جلد وہ کشمیر سے نکل جائے یہ اس کے حق میں بہتر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ شہداءکے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔ خواجہ فردوس نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button