ایل اے سی پر چین کے 5Gنیٹ ورک سے بھارتی فوج کے مواصلاتی نظام میں خلل
نئی دلی07جولائی (کے ایم ایس)
بھارت اور چین کے درمیان متنازعہ لائن آف ایکچوئل کنٹرول(ایل اے سی) پرچین کے 5Gنیٹ ورک کی وجہ سے بھارتی فورسز کو ریڈیو کمیونیکیشن میں شدید مسائل کا سامنا ہے اور فوجیوں کو اپنے مواصلاتی آلات میں عجیب و غریب آوازیں سنائی دیتی ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارت کی ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) کے ایک عہدے دار نے میڈیا کو بتایا ہے کہ چین ایل اے سی پر اپنی طرف کے سرحدی علاقوں میں 5Gنیٹ ورک شروع کر رہا ہے۔ چین کی 5Gکی لہریں سرحد پر تعینات بھارتی فوجیوں کے مواصلاتی آلات میں خلل پیدا کر رہی ہیں اوران میںعجیب آوازیں سنائی دیتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈی آر ڈی اوچین کے5Gسسٹم کی وجہ سے اپنے کمیونیکیشن آلات میں پیدا ہونے والے خلل کو دور کرنے کیلئے سر توڑ کوششیں کر رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس مسئلے سے نمٹنے کی غرض سے بھارتی فوج کیلئے ایک نیا سیٹلائٹ لانچ کرنے کے منصوبے پر غور کیاجارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج کیلئے بینڈ فریکوئنسی کے استعمال پر بھی غور کیاجارہا ہے جو صرف فوج کیلئے ہو گا اور اسے صرف دفاعی افواج اور ریڈیو فلکیات کیلئے استعمال کرنے کے لیے الگ رکھا جائے گا۔دراصل، جہاں چین نے ایل اے سی پر 5Gنیٹ ورک شروع کیا ہے، وہیں بھارت کی طرف سرحدی علاقوں میں موبائل نیٹ ورک بہت کمزور ہے۔
واضح رہے کہ لداخ کے سرحدی گائوں چشول کے کونسلر کون چوک اسٹینزین ماضی میں متعدد بار سرحدی علاقوں میں خراب نیٹ ورک کا مسئلہ اٹھاچکے ہیں۔انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہاتھا کہ چین نے پینگونگ جھیل پر پل کی تعمیر مکمل کرنے کے بعد بھارت کی طرف ایل اے سی پر گرم چشمہ کے قریب موبائل ٹاور قائم کئے ہیں ۔