مقبوضہ جموں وکشمیر میں کل یوم شہدائے کشمیرکے موقع پرمکمل ہڑتال کی جائے گی
کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے قتل وغارت کی تازہ لہر کی شدید مذمت
سرینگر12جولائی(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل” یوم شہدائے کشمیر” کے موقع پر مکمل ہڑتال کی جائے گی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہڑتال ”ہفتہ شہدائ” کا آخری پروگرام ہے جس کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے اور تمام آزادی پسند تنظیموں نے اس کی حمایت کی ہے تاکہ 13جولائی 1931ء کو ڈوگرہ حکمران کے فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے 22کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے۔لوگ کل سرینگر کے علاقے نقشبند صاحب میں مزار شہدا ء پر جہاں یہ 22شہداء دفن ہیں،جمع ہو کر فاتحہ خوانی کریں گے۔
یہ 22شہداء ان ہزاروں افراد میں شامل تھے جو 13جولائی 1931ء کوعبدالقدیرنامی شخص کے خلاف عدالتی کارروائی دیکھنے کے لئے سنٹرل جیل سرینگر کے باہر جمع ہوئے تھے جنہوں نے لوگوں کو ڈوگرہ راج کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کے لئے کہا تھا۔ نماز ظہر کے وقت ایک نوجوان نے اذان شروع کی اور ڈوگرہ فوجیوں نے انہیں گولی مار کر شہید کر دیا۔ اس کی جگہ دوسرے نے لے لی اور وہ بھی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہو گیا۔ اس طرح اذان مکمل ہونے تک 22نوجوان شہید کردیے گئے تھے۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ ان شہداء کے مقدس لہو نے جموں و کشمیر میں آزادی کی شمع روشن کی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے فوجیوں کی طرف سے علاقے میں جاری تازہ قتل و غارت کی مذمت کی اور اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اور اقوام متحدہ کے سربراہ پر زور دیا کہ وہ بھارت کو مجبورکریں کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ریاستی دہشت گردی بندکرے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرے۔
حریت رہنمائوں نعیم احمد خان، عبدالاحد پرہ، فردوس احمد شاہ، سید بشیر اندرابی، زمرودہ حبیب، یاسمین راجہ، غلام محمد خان سوپوری،عبدالصمد انقلابی اورکل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے اپنے بیانات اور پیغامات میں کہا کہ آزادی کے لئے کشمیری عوام کی بے مثال قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
بھارتی فوجیوں نے آج مسلسل دوسرے روز بھی ضلع شوپیاں کے علاقے ریبن میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی جاری رکھی۔ قابض انتظامیہ نے علاقے میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کر دی۔
بھارت میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسسٹ) نے قومی علامت کی نقاب کشائی سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے کی گئی ہندو پوجا پر شدید تحفظات کا اظہارکیاہے۔ پارٹی نے کہا کہ آئین کے مطابق بھارت ایک سیکولر ملک ہے اور یہ ریاست کو کسی مخصوص مذہب کاپرچارکرنے یا اس پر عمل کرنے کی اجازت نہیں دیتا ہے۔