مقبوضہ جموں و کشمیر

انتہا پسندبھارتی حکومت نے علاقائی امن کو داﺅ پر لگا رکھا ہے: حریت آزادکشمیر

 

 

اسلام آباد20 ستمبر (کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادی کشمیر شاخ کا اجلاس آج اسلام آباد میں کنوینر محمد فاروق رحمانی کی صدارت میں ہوا جس میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی شدید مذمت کی گئی۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کنوینر محمد فاروق رحمانی نے کہاکہ مودی کی قیادت میں بھارتی انتہا پسند حکومت نے علاقائی امن کو داﺅ پر لگا رکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی فسطائی حکومت عالمی برادری کی تشویش کو نظرانداز کرکے مقبوضہ جموں وکشمیر کی جغرافیائی حیثیت کو تبدیل کررہی ہے تاکہ اقوام م متحدہ کی قراردادوں کو غیر موثر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ایک عظیم مقصد کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اپنے نوجوانوں کے ساتھ انتہائی عقیدت رکھتے ہیں اور بھارت اوچھے ہتھکندوں کے ذریعے ان کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتا۔ دیگر حریت رہنماﺅں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت نوجوانوں کی نسل کشی کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بابائے حریت سید علی گیلانی کی وفات سے جو خلاءپیدا ہوا اس کو پر کرنا مشکل ہے البتہ قائد کے مشن کو پائے تکمیل تک پہنچانے کے لئے ہرممکن کوشش اور جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔حریت رہنماﺅں نے کہاکہ کشمیر ی ایک عظیم مقصد کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں اور پوری دنیا میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی مذمت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کی مبنی بر حق آواز کو طاقت کے بل پر دبانے کی مکروہ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور دیگر مظالم کو روکنے کے لئے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔ حریت رہنماﺅں نے کہاکہ کشمیریوں کی قربانیوں کی بدولت تنازعہ کشمیرکو اس وقت بین الاقوامی سطح پر مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے،کشمیری نوجوانوں کی نسل کشی اور انسانی حقوق کی دیگر پامالیوں کا نوٹس لیں ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button