فاروق عبداللہ کابھارت پرکشمیریوں کے دل جیتنے اور پاکستان کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے پر زور
سرینگر 13 جولائی (کے ایم ایس)
غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ جب تک بھارتی حکومت کشمیریوں کے دلوںکو جیت کر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان کے ساتھ مذاکرات شروع نہیں کرتی اس وقت تک مقبوضہ علاقے میں مسلح مزاحمت ختم نہیں ہوگی۔
آج سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا کہ کشمیر میں عسکریت پسندی اس وقت تک ختم نہیں ہوگی جب تک بھارتی حکومت کشمیری عوام کے دل جیتنے کی کوشش نہیں کرتی اور ہمسایہ ملک کے ساتھ بات چیت شروع نہیں کرتی ۔فاروق عبداللہ نے کہاکہ عسکریت پسندی کا کاروان اس وقت تک جاری رہے گا جب تک یہ مسئلہ ہمسایہ ملک کے ساتھ بات چیت کے ذریعے حل نہیں کیاجاتا۔انہوں نے کہاکہ ہم اس آفت میں ہی مر جائیں گے اور ہم پر کوئی توجہ نہیں دے گا۔ان کا یہ بیان منگل کی شام سرینگر کے علاقے لال بازار میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں بھارتی پولیس کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی ہلاکت اور 2 پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔