بی جے پی نے امرناتھ یاترا کوایک سیاسی مسئلہ بنادیاہے ، محبوبہ مفتی
سرینگر14 جولائی (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے کہاہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے ہندو امرناتھ یاترا کو ایک سیاسی مسئلہ بنادیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ایک بیان میں امرناتھ میںبادل پھٹنے کے واقعہ جس میں تقریبا 16افراد ہلاک اور 30سے زائد لاپتہ ہو گئے ہیں پر مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ماحولیاتی اور موسمیاتی حالات روزانہ 5ہزارسے زیادہ یاتریوں کوغار تک جانے کی اجازت نہیں دیتے ہیں جبکہ مودی حکومت نے بہت بڑی تعداد میں یاتریوں کو غار تک جانے کی اجازت دے رکھی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے یاترا کو مذہبی معاملے کے بجائے سیاسی مسئلہ بنا دیا ہے۔محبوبہ مفتی نے کہاکہ موجودہ موسمی حالات روزانہ 5ہزارسے زیادہ یاتریوں کو غار تک جانے اجازت نہیں دیتے، لیکن بی جے پی حکومت نے ہزاروں لوگوں کو وہاں بھیجا،جس کے نتیجہ میں بادل پھٹنے سے یاتری مارے گئے۔انہوںنے کہاکہ قابض انتظامیہ بادل پھٹنے کے واقعے میں ہلاک ہونے والے یاتریوںکی اصل تعداد چھپا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح موٹرسائیکلیں اور مردہ گھوڑے ملبے سے نکالے جا رہے ہیں اور بہت سے لوگ ابھی تک لاپتہ ہیں، اس سے لگتا ہے کہ بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئی ہیں ۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے اس سلسلے میں قائم کمیٹی کی سفارشات کے برعکس صرف اپنی ضد کی وجہ سے زیادہ لوگوں کو امرناتھ جانے کی اجازت دی ،کیونکہ مودی حکومت دعویٰ کر رہی تھی اس سال سات لاکھ لوگ یاترا کریں گے جو دو ماہ تک چلے گی۔