بھارتی اٹارنی جنرل کا نپور شرما بارے سپریم کورٹ کے ریمارکس پر تنقید کرنے والے جج کیخلاف توہین عدالت کی کارروئی سے انکار
نئی دلی15 جولائی (کے ایم ایس)بھارتی اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال نے توہین آمیز بیان کی مرتکب بی جے پی رہنما نپور شرما کے بارے میں سپریم کورٹ کے ریمارکس پر ایک سابق جج اور دو وکلا کی تنقید کو حق بجانب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انکے خلاف توہین عدالت کی کارروائی نہیں ہو سکتی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وکیل سی آر جیہ سوکن نے دہلی ہائیکورٹ کے سابق جج ایس این دھنگڑا اور دو وکلا کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ دائر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ قانون کے تحت اسکے لیے اٹارنی جنرل کی اجازت حاصل کرنا لازمی ہے۔ تاہم اٹارنی جنر ل نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنے کئی فیصلوں میں کہا ہے کہ عدالتی کارروائی پر منصفانہ اور واجبی تنقید توہین عدالت تصور نہیں ہوگی۔
یاد رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ کے دو رکنی بنچ نے نپور شرما کیس کی سماعت کے دوران انہیں سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں جو بھی واقعات پیش آرہے ہیں ان کیلئے نپور شرما ہی تنہا ذمہ دار ہے۔