مودی حکومت کاریٹائرڈ بھارتی فوجیوں سے بھی دھوکا
مودی نے ووٹ بٹورنے کیلئے ایک رینک،ایک پنشن نعرہ لگایا، بعد میں مکر گئے
نئی دلی 29 مارچ(کے ایم ایس)
چالبازمودی سرکار نے ریٹائرڈ بھارتی فوجیوں سے بھی دھوکا کر دیا ، نریندر مودی نے الیکشن سے قبل ووٹ بٹورنے کیلئے بھارتی فوجیوں سے ایک رینک ، ایک پنشن کا وعدہ کیاتھا لیکن بعد ازاں آنکھیں پھیر لیں۔ریٹائرڈ فوجیوں نے دہائی دی ہے کہ مودی نے ووٹ لینے کیلئے انہیں سبز باغ دکھائے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 2013میں ہریانہ میں انتخابی ریلی کے دوران نریندر مودی نے ایک رینک، ایک پنشن کا وعدہ کیا تھا۔2014میں سیاچن میں فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے ایک رینک ، ایک پنشن کی منظوری کا دوبارہ وعدہ کیا ۔مودی کے وعدے کی بنیاد پر جنرل وی کے سنگھ سمیت کئی ریٹائرڈ بھارتی جرنیلوں اور ہزاروں ریٹائرڈ فوجیوں نے بی جے پی کو ووٹ ڈالا۔انتخابات جیتنے کے بعد احسان فراموش مودی سرکار ٹال مٹول سے کام لینے لگی۔مطالبات کی نا منظوری پر جون 2015میں ریٹائرڈ بھارتی فوجیوں نے ہندوستان بھر میں مظاہرے کئے۔ مظاہروں کے دوران پولیس نے نئی دلی کے علاقے جنتر منتر میں احتجاج کرنے والے ریٹائرڈ فوجیوں اور انکی بیوائوں پر بہیمانہ تشدد کیا۔مظاہرین پر تشدد کے بعد 10سابقہ آرمی چیفز نے نریندرمودی کو خط میں مذمت کی اور تحقیقاتی کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا۔ یکم نومبر2016کو صوبیدار رام کشن نے مطالبات کی نامنظوری پر خودکشی کر لی تھی۔اب تک 5ہزار سے زائد ریٹائرڈ بھارتی فوجی مودی سرکار کو احتجاجا ًاپنے میڈلز واپس بھیج چکے ہیں۔ سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود مودی سرکار نے ترمیم یافتہ بل منظور کیا۔ریٹائرڈ فوجیوں نے بل کو مسترد کرتے ہوئے اسے ایک رینک پانچ کے مترادف پنشن قرار دیا تھا۔مودی سرکار کے مطابق بل کی منظوری سے 40فیصد دفاعی بجٹ صرف پنشنز کی نذر ہو جائے گا ۔2008سے ریٹائرڈ بھارتی فوجی ایک رینک، ایک پنشن کے لئے احتجاج کر رہے ہیں۔