دلی ہائی کورٹ نے پاکستان کے عالمی شہر ت یافتہ برانڈ روح افزاکی فروخت پر بھارت میں پابندی عائد کر دی
نئی دلی 16نومبر (کے ایم ایس)
بھارت میں دلی ہائی کورٹ نے ایمیزون انڈیا کو پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ برانڈ روح افزا فروخت کرنے سے روک دیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہمدرد نیشنل فائونڈیشن اور ہمدرد لیبارٹریز انڈیا نے ہائی کورٹ میں ایمیزون انڈیا کو اپنے پلیٹ فارم پر پاکستانی ساختہ روح افزا فروخت کرنے سے روکنے کیلئے ایک درخواست دائر کی تھی۔درخواست کی سماعت کے بعد عدالت نے ہمدرد نیشنل فائونڈیشن کے حق میں حکم جاری کر تے ہوئے بھارت میں روح افرا کی فروخت پرمستقل پابندی عائد کر دی ہے جبکہ درحقیقت روح افزا بھارت میں ایک صدی سے زائد عرصے سے فروخت ہورہی ہے ۔ عدالت نے ایمزون کو پاکستان کی بنی ہوئی دیگر مصنوعات بھی اپنے پلیٹ فارم سے ہٹانے کا حکم دیا ۔ درخواست گزارکے مطابق روح افزا کوایمیزون پر فروخت کیا جا رہا تھا لیکن فروخت کنندہ ان کی تفصیلات ظاہر نہیں کر رہا تھا۔ عدالت نے کہا کہ فروخت کنندگان کے نام ظاہر کرنا ایمیزون کی ذمہ داری ہے۔حکیم حافظ عبدالمجید نے روح افزا کومتعارف کروایاتھا، لیکن تقسیم برصغیر کے بعد یہ دونوں ملکوں میں فروخت ہورہی ہے ۔ تقسیم کے بعد عبدالمجید کا بڑا بیٹا بھارت میں مقیم رہا تو ان کے دوسرے بیٹے نے پاکستان ہجرت کی اور وہاں ہمدرد لیبارٹریز(وقف) پاکستان کا آغاز کیا۔