مقبوضہ جموں و کشمیر

بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نعیم خان کی نظربندی کے پانچ سال مکمل

 اسلام آباد 17جولائی(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما نعیم احمد خان نے بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں اپنی مسلسل نظربندی کے پانچ سال مکمل کر لیے ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے رہنما الطاف حسین وانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں نعیم احمد خان کی غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض حکام نے2017ء میں آج ہی کے دن ان کو سرینگر کی رہائش گاہ سے اغوا کرکے عجلت میں نئی دہلی کی تہاڑ جیل پہنچا یاتھاجہاں وہ گزشتہ پانچ سال سے نظربند ہیں۔ انہوں نے اس گرفتاری کو بنیادی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہاکہ نعیم خان سمیت اہم کشمیری سیاسی رہنمائوں کی نظربندی خطے میں اختلاف رائے کو دبانے کے لیے مودی حکومت کی پالیسی کا حصہ ہے۔انہوں نے کہاکہ نعیم احمد خان بدنام زمانہ جیل میں صبر، استقامت اور عزم کی نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ نعیم خان نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ مختلف جیلوں میں گزارا ہے حالانکہ ان کے خلاف درج تمام بے بنیاد مقدمات کسی بھی عدالت میں ثابت نہیں ہوئے ہیں۔ الطاف وانی نے کہا کہ پانچ سال گزرجانے کے باوجود این آئی اے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے حکام عدالتوں میں ایک بھی ثبوت پیش نہیں کر سکے۔انہوں نے کہا کہ نعیم احمد خان،شبیر احمد شاہ ، محمد یاسین ملک ، مسرت عالم بٹ، آسیہ انداربی اور دیگر کشمیری رہنمائوں کوجدوجہد آزادی میں ان کے ناقابل تسخیر کردار اور کشمیر میں استصواب رائے کا مطالبہ کرنے کی سزا دی جا رہی ہے۔جدوجہدآزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے الطاف وانی نے کہاکہ پوری کشمیری قوم استصواب رائے کے اپنے مطالبے پر قائم ہے تاکہ خطے کے لوگوں کو اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع فراہم ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی ظلم و جبر کی پالیسی کشمیریوں کو ا پنے مقصد کے حصول سے نہیں روک سکتی جس کے لیے انہوں نے بے مثال قربانیاںدی ہیں۔انہوں نے جیلوں میں نظر بندحریت پسندکشمیری رہنمائوں اورکارکنوںسے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کے سیاسی حقوق کی بحالی کے لیے بھارت پر دبا ڈالیں۔ انہوں نے مسلسل نظربندی کو کشمیری رہنمائوں کی زندگیوں کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری اس معاملے کا موثر نوٹس لے اور نظر بند کشمیریوںکی رہائی میں اپنا کردار ادا کرے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button