پرا من مظاہرین پر بھارتی فورسز کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی مذمت
اسلام آباد 21 ستمبر (کے ایم ایس )
جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ کے وائس چیئرمین عبدالمجید ملک ،جموں وکشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے وائس چیئرمین قاضی عمران اورجموں وکشمیر پیپلز ایسوسی ایشن کے کنوینر خالد شبیر نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں نہتے کشمیریوں پر بھارتی فورسز کے ظلم و تشدد کی مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عبدالمجید ملک ، قاضی عمران اورخالد شبیر نے اسلام آباد سے جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ پونچھ مغل روڈ پر قابض انتظامیہ کی طر ف سے بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے خلاف پر امن طورپر احتجاج کرنے والے کشمیریوں کو بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے وحشیانہ تشدد کانشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہاکہ مظاہرین نے اس موقع پر بھارت کے خلاف اور جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کیلئے نعرے بلند کئے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز نے مظاہرے میں شامل بزرگ شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے علاوہ محمد اشرف ،دانش اورزرینہ بی بی کو گرفتار کر لیا۔ حریت رہنمائوںنے کہاکہ 5اگست 2019کو جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد سے مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوںپر بھارتی فورسز کے مظالم میں کئی گنا اضافہ ہو گیاہے۔انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے کا اپنا وعدہ پورا کرے اور نہتے عوام کو بھارتی ریاست دہشت گردی سے نجات دلائے۔