بھارت: اداکار پرکاش راج نے عمر خالد کو ” سپر ہیرو “ قرار دیا
نئی دلی 30جولائی ( کے ایم ایس)معروف بھارتی ادا کار پرکاش را ج نے جیل میں بند نئی دلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے سابق طالب علم عمر خالد کو اپنے وقت کا ”سپر ہیرو“ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ مجھے فخر ہے کہ میں انہیں جانتا ہوں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پرکاش راج نے یہ بات اپنے ایک ٹویٹ میں کہی ۔ انہوںنے اپنے ٹویٹ کے ساتھ ”فری عمر خالد اور فری آل پولیٹیکل پرسنز“ کا ہیش ٹیگ بھی لگایا ہے۔ انہوںنے اپنے ٹویٹ کے ساتھ عمر خالد کی ایک ایک ویڈیو بھی ری شیئر کی ہے جس میں خالد اپنے بھانچے کے ساتھ ملاقات کرتے دیکھتے جاسکتے ہیں۔ یہ ویڈیو اب معروف بھارتی فلم رائٹر دراب فاروق نے بھی اپنے ٹویٹر پر لگائی ہے اور ویڈیو کے ساتھ لکھاکہ ہم اس بچے کو کیا بتانے جا رہے کہ اس کے ماموں کو کیوں قید کیا گیا ہے ، کہ اس کا ماموں ایک اچھا انسان ہے جو بے بسوں کے لیے لڑتا ہے۔
یاد رہے کہ عمر خالد کو 31ستمبر 2020کو گرفتار کر لیا گیا تھا اور تب سے وہ حراست میں ہیں۔ عمر خالد ، شرجیل امام اور کئی دوسرے مسلمانوں پر فروری 2020کے دہلی فسادات کا ماسٹر مائنڈ ہونے کے الزام میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون ’یو اے پی اے‘ اور تعزیرات ہند کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔