انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کا میر واعظ کی فوری رہائی کا مطالبہ
سرینگر30جولائی(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے افسوس کااظہارکیاہے کہ ان کے صدر میر واعظ عمر فاروق کی غیر قانونی اور جبری نظربندی کو تین سال ہو چکے ہیں جو کشمیری عوام کے لیے بڑی پریشانی اور تشویش کا باعث ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انجمن اوقاف نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں محرم الحرام کے آغاز اور عاشورہ کے بابرکت ایام کے پیش نظر میرواعظ عمر فاروق کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حکام کو ان پر عائد پابندیوں کو ہٹانا چاہیے تاکہ وہ عوام اور معاشرے کے تئیں اپنی ذمہ داریاں پوری کر سکیں۔
دریں اثناء انجمن اوقاف نے اپنی اور اپنے نظربند صدر میر واعظ عمر فارق کی طرف سے امت مسلمہ کو بالعموم اورکشمیری مسلمانوں کو بالخصوص نئے اسلامی سال 1444ہجری کی آمدپر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ بیان میں کہاگیاکہ ہر نیا سال ہمیں خود شناسی کا موقع فراہم کرتا ہے اور ہمارے اردگرد جو کچھ ہو رہا ہے اس پر غور کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے اور اس طرح ہمیں اپنے ماضی سے سبق سیکھنے اور اپنے حال اور مستقبل کی بہتری کے لیے کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔ہمیں اپنے آپ کو مکمل طور پر اللہ کی مرضی کے تابع کرنا چاہیے، اپنے خالق حقیقی کے ساتھ اپنا رشتہ مضبوط کرنا چاہیے اور اپنے پیارے نبی حضرت محمدۖ کے ساتھ اپنی محبت اور عقیدت کو مزید گہرا کرنا چاہیے تاکہ ہم بطور امت اس قابل ہو سکیں کہ اپنی مذہبی اور ملی ذمہ داریوں کو بہتر طریقے سے ادا کریں۔انجمن اوقاف نے امید کا اظہار کیا کہ نیا اسلامی سال کشمیری عوام کے لیے خوشی، ترقی اور خوشحالی لائے گا۔