مقبوضہ جموں و کشمیر
مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے کشمیریوں کو بدترین صورتحال کا سامنا ہے،پردیش کانگریس کمیٹی
سرینگر17 نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی نے مقبوضہ علاقے میں تمام محاذوں پر اپنی ناکامی کو چھپانے کیلئے گمراہ کن سیاست کرنے پر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کوکڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانگریس کی مقبوضہ شاخ کے صدر وقار رسول وانی نے بارہمولہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو آج بدترین صورتحال کا سامنا ہے۔ انہوں نے بڑھتی ہوئی بے روزگاری، مفلوک الحال معیشت اورکشمیریوں کو درپیش دیگر مسائل پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔وقار رسول وانی نے کشمیریوں کی مشکلا ت کم کرنے میں ناکامی پر بھارتی حکومت اور اس کے مقامی آلہ کاروں کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔