مقبوضہ جموں و کشمیر

دیویندر سنگھ بہل کا دورہ سانبہ،متاثرین بارش سے اظہارہمدردی

downloadجموں 09 اگست(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل کی قیادت میں ایک وفد نے جموں کے علاقے سانبہ کا دورہ کیا جہاں گزشتہ دنوں شدید بارش کی وجہ سے گجر کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے رہائشی مکانات زمین بوس ہوگئے تھے ۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے اس موقع پر متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور علاقے کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ متاثرہ لوگوں کی مدد کیلئے آگے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے بھائی مصیبت میں ہیں اور ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم اپنے بھائیوں کی مدد کریں۔ ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ نے بھارت اورپاکستان پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے بامعنی مذاکرات کا سلسلہ شروع کریں تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم ہوسکے۔ انہوںنے جیلوں میں نظربند حریت پسند کشمیری رہنمائوں اورکارکنوںکی فوری رہائی کا مطالبہ دہرایا۔ ایڈووکیٹ دیویند ر سنگھ نے آر ایس پورہ ۔سیالکوٹ روڑ کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف دونوں اطراف کے لوگوں کو تجارت کرنے کا موقع ملے گا بلکہ بچھڑے ہوئے لوگوں کو ایکدوسرے سے ملنے کا موقع بھی میسر آئے گا۔ وفد میں لال دین ، چوہدری رشید ، چوہدری منظر، چوہدری لیاقت ، چوہدری عمران، سردار گرچرن سنگھ، منجیت سنگھ اور دیگر شامل تھے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button