پاکستان

بی جے پی اپنے مذموم سیاسی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے تاریخ کی یکطرفہ اور مسخ شدہ تشریح سے باز رہے ، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد12اگست (کے ایم ایس )
پاکستان نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ بھارت میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت اپنے مذموم سیاسی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے تاریخ کی یکطرفہ اور مسخ شدہ تشریح کے ذریعے عوام کے جذبات سے کھیلنے کی کوشش کر رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے جمعہ کو اپنی پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ جیسے جیسے بھارت اور پاکستان کے عوام یوم آزادی کی تقریبات کے قریب پہنچ رہے ہیں، بی جے پی حکومت نے 14 اگست کو تقسیم کی ہولناک یادگارکے دن کے طور پر منانے کے اپنے شر انگیز اقدام سے اپنا اصل چہرہ واضح کردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت آزادی سے متعلق واقعات کو سیاسی رنگ دینے سے باز رہے اور اس کے بجائے ان تمام لوگوں کی یادوں کو مخلصانہ طور پر خراج تحسین پیش کرے جنہوں نے سب کے بہتر مستقبل کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں جو نفرت، غلط معلومات اور فرقہ پرستی کی قابل مذمت پالیسی کی عکاسی کرتا ہے جو بی جے پی زیرقیادت آج کے بھارت کی پہچان بن چکی ہے۔ عاصم افتخار نے کہا کہ بی جے پی اپنے مذموم سیاسی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے عوام کے جذبات سے کھیلنے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان فخر کے ساتھ اپنی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی شاندار طریقے سے منائے گا، پاکستان بھر اور بیرون ملک یوم آزادی پاکستان کے اس اہم موقع کو مختلف سرگرمیوں کے ساتھ منانے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں تیاریاں جاری ہیں، آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر خاص طور پر ہمارے قومی ترانے کی نئی ریکارڈنگ کی ریلیز بھی شامل ہے۔ وزارت خارجہ بھی 14اگست کو وزارت کے افسروں کی طرف سے خصوصی طور پر ریلیز ہونے والے نغمے پاکستان ایٹ 75 کے ذریعے خراج تحسین پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جیسا کہ پورا ملک سفید اور سبز رنگ کے تہواروں میں سجا ہوا ہے، دنیا بھر میں پاکستانی مشنز بھی پرچم کشائی کی شاندار تقریبات، سفارتی استقبالیہ، فنون لطیفہ سے لے کر متعدد تقریبات منعقد کریں گے جن میں پاکستانی تارکین وطن بھی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپوز، کھیلوں کی تقریبات، جشن کی شامیں، میوزیکل نائٹس، تجارتی نمائشوں کے علاوہ مضبوط اور متحد ڈیجیٹل مہمات ڈائمنڈ جوبلی کی ان تقریبات کا حصہ ہونگی۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button