آغا حسن الموسوی کی طرف سے پاکستان میں شدیدسیلاب سے ہونیوالی تباہی پر اظہار افسوس
سرینگر 30 اگست (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اسلامی جمہوریہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے ہونے والے جانی ومالی نقصانات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آغا حسن الموسوی نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کو لکھے گئے ایک خط میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی طرف سے مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم اور قیادت کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کی دعائیں، ہمدردیاں اور نیک خواہشات پاکستان کے ساتھ ہیں ۔ خط میں ملک میں شدید بارشوں کے باعث تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے جانی ومالی نقصان پر کشمیری عوام کی طرف سے دکھ اور افسوس کا اظہارکیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری دعائیں اس قدرتی آفت کا سامنا کرنے والے سیلاب زدگان کے ساتھ ہیں اور ہم ان کی جلد بحالی کے لیے دعاگو ہیں۔آغا حسن الموسوی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام نے ہمیشہ ایک پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کیلئے دعا کی ہے۔جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ اور دیگر حریت تنظیموں نے بھی پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیاہے۔